9مئی پر جنرل باجوہ کو شدید غصہ تھا، ملک احمد خان

18 اگست ، 2024

کراچی ( ٹی وی رپورٹ) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ 9مئی کو جنرل باجوہ کو شدید غصہ تھا ، جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جنرل باجوہ سے ڈیل نہیں ہوئی، اگر ڈیل ہوئی تو جنرل باجوہ کو کیا ملا کیا ، وہ ابھی کہیں بیٹھے ہیں، کیسی ڈیل ہے جس میں انہیں کچھ نہیں ملا، جنرل قمر جاوید باجوہ کسی صورت دوسری توسیع نہیں چاہتے تھے وہ پہلی توسیع کو غلط اور دوسری جرم قرار دیتے تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ جنرل ساحر شمشاد کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے ۔ تاہم وہ جانتے تھے کہ حکومت جنرل عاصم منیر کو تعینات کرنا چاہتی تھی۔ جنرل باجوہ نے معاملہ حکومت پر چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا تعلق جنرل باجوہ سے ضرور تھا غیر سیاسی معاملات میں میری اُن سے ملاقاتیں رہتی تھیں۔