عوام کش پالیسیوں کیخلاف تاجروں کا 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن کا اعلان

18 اگست ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے بھی تاجر و عوام کش پالیسیوں کے خلاف 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی،جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، جنوبی پنجاب کے چیئرمین جاوید اختر خان، ضلع ملتان کے صدر سید جعفر علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے ملکی حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں لیکن حکمران غریب قوم کے مسائل حل کرنے کی بجائے شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں اور 60 لاکھ سے زائد چھوٹے تاجروں،غریب دکانداروں، مزدور پیشہ طبقے پر روزانہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کا بوجھ لادا جا رہا ہے نت نئے ٹیکسز لگائے جا رہے ہیں حکومت کی جانب سےاگست اور ستمبر کے بجلی کے بلوں میں 14 روپے ریلیف کا اعلان سوائے لولی پاپ کے اور کچھ نہیں ، ہم نے پہلے بھی تاجر دو ست اسکیم کو مسترد کیا اور آج بھی مسترد کرتے ہیں ۔