چمن میں ہیضے پر قابو پانے کیلئے ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،چیف جسٹس

18 اگست ، 2024

کوئٹہ (خ ن)عدالت عالیہ بلوچستان کے ایک اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ نے چمن میں ہیضے کی وبا پھیلنے کی خبر کا خصوصی نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ و ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان کو وبا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے, مریضوں کی خصوصی دیکھ بھال اور وبا کی ویکسین و ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف جسٹس کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل تمام ضروری ادویات و ویکسین کے ہمراہ کل صبح خصوصی دورے پر چمن پہنچیں گے اور اس حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھائیں گے اور مکمل اپریشن کی خود نگرانی کریں گے بعد ازیں اس بابت اپنی رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کریں گے۔