اینٹی کرپشن ٹیم کی کاروائی ، برطرف وی سی کو فائلیں لے جانے سے روک دیا،دفاتر سیل

18 اگست ، 2024

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن ٹیم نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں کارروائی کرتے ہوئے برطرف وائس چانسلر کو فائلیں ساتھ لے جانے سے روک دیا اور وی سی آفس سمیت دیگر دفاتر کو سیل کر کے ریکارڈ محفوظ بنا دیا ۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان عبدالواحد کاکڑ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو رپورٹ ملی تھی کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی برطرف وائس چانسلر ڈاکٹر ساجدہ نورین ریکارڈ کو غائب کرنے کی کوشش کررہی ہے جس پر وزیر اعلی نے ہمیں کارروائی کر نے کی ہدایت کی ۔ ان کی ہدایت پر اینٹی کرپشن کی ٹیم جمعہ کی شب 12بجے ایس بی کے یونیورسٹی پہنچی تو گیٹ بند تھا۔ جبکہ وائس چانسلر دوسرے گیٹ سے گاڑی میں جانے کی کوشش کر رہی تھیں کہ ٹیم نے انہیں روک کر گاڑی میں رکھی فائلیں نکال لیں ۔اورتمام فائلیں اور دیگر ریکارڈ کو محفوظ بناتے ہوئے وی سی آفس او دیگر آفس کو سیل کر دیا انہوں نے کہا کہ سابقہ وائس چانسلر ایس بی کے کوبتایا کہ جب بھی کسی عہدیدار کی معطلی ہوتی ہے تو وہ کوئی ریکارڈ اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتا مگر ان کا اصرا ر تھا کہ یہ میری پرسنل فائلیں ہیں۔ ڈی جی نے کہا کہ تمام ریکارڈ کو افس میں ہی رکھا گیا ہے ۔سابقہ وی سی جب نئی چانسلر آجائے گی تو آکر اپنا سامان وصول کر سکتی ہیں اس سے پہلے انہیں کسی بھی چیز کو یونیوسٹی سے لے جانے کی اجازت نہیں۔