بھارت نے پیشگی اطلاع دیئے بغیر دریائے راوی،چناب کے اسپل اوورز کھول دیئے ،مکینوں کو نقل مکانی کی ہدایت

18 اگست ، 2024

لاہور (نیوز ایجنسی ) بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائے راوی اور چناب کے سپل اوورز کھول دیئے جس کی وجہ سے پاکستان میں ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ رقبہ زیر آب آ چکا ہے، مرالہ، خانکی اور قادر آباد میں اونچے درجے کا سیلاب، ڈی ایم اے نے متعلقہ علاقوں کے مکینوں سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد محفوظ علاقوں میں منتقل ہوجائیں، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے بغیراطلا ع دئیے اچانک پانی چھوڑ دینے کی وجہ سے پاکستان کوہنگامی صورتِ حال کا سامنا ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب پر قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے نتیجے میں پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔دریائے راوی میں جسڑ اورشاہدرہ کے مقام پر 40 سے 55 ہزارکیوسک پانی کا بہا ئومتوقع ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے نچلی سطح پر سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے،پی ڈی ایم اے نے علاقہ مکینوں کومحفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔مریم نواز نے مختلف اضلاع میں زیر آب آنے والے نشیبی علاقوں کے مکینوں کی معاونت اور نارووال، سیالکوٹ، شکر گڑھ سمیت دیگر شہروں میں سیلابی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کردی۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں سے مکینوں کو بروقت ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے، دیہات میں مال مویشی بھی سیلاب سے پہلے محفوظ مقام پر منتقل کردیئے جائیں۔