مشتبہ مریضوں کو فوری طور پر قرنطینہ کیاجائے،منکی پاکس پرحکومت سندھ کی اسپتالوں کو ایڈوائزری

18 اگست ، 2024

کراچی(نمائندہ جنگ)محکمہ صحت سندھ نے منکی پاکس سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی ہے اور اسپتالوں کو منکی پاکس سے بچاؤ اور تدارک کے انتظامات کے حوالے سے متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ صحت سندھ نے پاکستان میں منکی پاکس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق منکی پاکس کا پھیلاؤ متاثرہ ممالک سے مسافروں کی آمد و رفت کے ذریعے ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک دنیا بھر سے منکی پاکس کے 99,518 کیسز اور 208 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق پاکستان میں اپریل 2023 کے بعد منکی پاکس کے 11 کیسز اور ایک موت رپورٹ ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ کے لیے سنگین مسئلہ اور ایمرجنسی قرار دیا ہے۔محکمہ صحت سندھ نے تمام اسپتالوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ منکی پاکس سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔ مشتبہ مریضوں کو فوری طور پر قرنطینہ کیا جائے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے تمام عملے کو پی پی ای کٹس فراہم کی جائیں۔