ایس پی اڈیالہ جیل کی بشری بی بی کو عدالت پیش کرنے سے معذرت

18 اگست ، 2024

راولپنڈی(ایجنسیاں) اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بشری بی بی کو کیس کی سماعت کے سلسلے میں پیش کرنے سے معذرت کرلی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی نے بشری بی بی کیخلاف 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش اور جسمانی ریمانڈ کے معاملے پر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کو خط لکھ دیا۔ ایس پی اڈیالہ جیل نے خط میں لکھا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اڈیالہ جیل میں آج سماعت ممکن نہیں، جیل میں 190 ملین پاونڈ کی سماعت بھی ہونی ہے، بشری بی بی کو سکیورٹی وجوہات کے باعث پیش نہیں کیا جاسکتا۔ ایس پی جیل کے خط پر وکلا صفائی نے کہا کہ عدالتی احکامات کے سامنے سپرنٹنڈنٹ جیل کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔