پاکستان ریلوے کو خسارے سے نکالنے کے لیے 9 ٹرینوں کی بولیاں طلب

18 اگست ، 2024

کراچی(آئی این پی) خسارے کی شکار پاکستان ریلوے نے 9 ٹرینیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کیلئے بولیاں طلب کر لی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کی جانب سے ایک اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت 9 ایکسپریس اور مسافر ٹرینوں کو آٹ سورس کیا جا رہا ہے۔ ہزارہ ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، بہاالدین زکریا ایکسپریس، مہر ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، چناب ایکسپریس، مہران ایکسپریس کے علاوہ موہنجو دڑو پسنجر ٹرین اور راولپنڈی مسافر ٹرین ان ٹرینوں میں شامل ہیں جنھیں آٹ سورس کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ریلویز کے مطابق بولی کا انعقاد PPRA رولز کے سنگل اسٹیج ٹو لفافہ طریقہ کار کے ذریعے کیا جائے گا، تکنیکی بولیاں کمیٹی ہیڈ کوارٹر آفس میں 19 ستمبر 2024 کو صبح 11:00 بجے جمع کرائی جائیں گی۔ پاکستان ریلویز کا کہنا ہے کہ آنے والی بولیاں 19 ستمبر 11 بج کر 30 پر کھولی جائیں گی۔واضح رہے کہ پاکستان ریلویز ایک عرصے سے خسارے کا شکار ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ یہ خسارہ آپریشنل خسارہ نہیں ہے، بلکہ اس پر موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن پر پڑنے والا بوجھ ہے، ریلوے میں اس وقت 65 ہزار ملازمین ہیں جبکہ دوسری جانب ادارے کو ایک لاکھ 32 ہزار ریٹائرڈ ملازمین کو ہر ماہ پنشن دینی ہوتی ہے۔