جمہوریت کی مضبوطی میں صحافت اور بیوروکریسی کا کردار اہم ہے، کریم نوشیروانی

18 اگست ، 2024

کوئٹہ ( پ ر) سابق صوبائی وزیر میر کریم نوشیروانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافت ملک کا چوتھا ستون ہے ۔اورایک ذمہ دار صحافی معاشرے میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ایک صحافی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے اپنے قلم کا استعمال کرے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے میں صحافیوں کا کردار اہم ہے۔ جمہوریت کی اصل طاقت میڈیا اور جرنلسٹ ہیں ۔جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کو صحافت اور میڈیا کو مضبوط بنانا چاہئے۔حکومت اگر مثبت رپورٹ پر غور کرے اور اس کی روشنی میں اپنی راہیں درست کرے تو ملک کو دنگے فساد سے نجات ملے گی اور ایک اچھا معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے علاوہ ملک کو درست سمت میں چلانے میں بیوروکریسی کا کردار بھی اہمیت کا حامل ہے۔اور ایک اچھا بیوروکریٹ حکومت کو درست پالیسی سازی اور عوامی مفاد کے حامل معاملات میں درست رہنمائی کرتا ہے۔ جمہوری حکومت کو عوامی مفاد کے کاموں اور پالیسی سازی میں اچھے صحافیوں اور اچھے بیوروکریٹس سے رہنمائی لینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے ملک میں میڈیا اور بیوروکریٹس کو اتنا رسپونس نہیں دیا ۔ جس کے سبب ہم عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ملک اور عوامی مفاد میں پالیسیوں کی تشکیل میں ناکام رہے۔حالانکہ میڈیا حکومت کا آئینہ ہوتا ہے ، درست کو درست اور غلط کو غلط ہی دکھاتا ہے اور حکومتوں کو اس کی تنقید پسند نہیں آتی ۔ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ان کو جائز مقام دینا ضروری ہے۔