جعفر ایکسپریس کو تیز رفتار ٹرین بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ، وفاقی محتسب میں درخواست دائر

18 اگست ، 2024

کوئٹہ (پ ر)کوئٹہ کے رہائشی منظور احمد نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو کوئٹہ سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے کوئٹہ کے لئے چلنے کے لئے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں درخواست دی ہے جس موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جدید دور کے مطابق محکمہ ریلوے اور وفاقی حکومت کوئٹہ سے پشاور کے لئے جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو تیز رفتار ٹرین بناکر راولپنڈی تک جانے اور واپس کوئٹہ آنے کے لئے اس کا اسٹاپ مقرر کریں کیونکہ راولپنڈی سے پشاور جانے کے لئے جعفر ایکسپریس ٹرین میں جانے والے مسافروں کے وقت کا ضیاع اور محکمہ ریلوے کو بھی مالی خسارہ ہورہا ہے کوئٹہ جوکہ لاکھوں نفوس پر مشتمل شہر ہے اور تاجروں کی بڑی تعداد ہوائی جہاز ، روڈ اور ریلوے کے ذریعے دوسرے صوبوں میں آنے جانے کے لئے سفر کرتی ہے، کوئٹہ سے پنجاب اور دیگر صوبوں کو لوگوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لئے ریلوے ایک محفوظ اور آرام دہ سفر مہیا کرتی ہے اور ایک ٹرین جعفر ایکسپریس صرف کوئٹہ سے جا اور آرہی ہے اور مذکورہ ٹرین کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے جو چاروں صوبوں کی سرزمین سے گزرتی ہوئی 36 گھنٹوں میں کوئٹہ سے پشاور پہنچتی ہے اگر ٹرین اپنے مقررہ وقت سے 5 گھنٹے لیٹ ہو تو یہ سفر مزید طویل ہوجاتا ہے جبکہ کوئٹہ سے بذریعہ سڑک پشاور کا سفر 12 گھنٹوں پر مشتمل ہے لاہور اور راولپنڈی سے پشاور کے لئے بہت سی ٹرینیں چلتی ہیں، بلوچستان کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ جعفر ایکسپریس کا روٹ کوئٹہ سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے واپس کوئٹہ کیا جائے راولپنڈی سے واپسی کوئٹہ کے لئے اس کا ٹائم مقرر کیا جائے تاکہ جیکب آباد صبح کے اوقات میں پہنچ سکے اور وہاں سے دن کے اوقات میں کوئٹہ پہنچے اور مسافروں کو اپنی منزل پر پہنچنے کے لئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے جعفر ایکسپرس کوری شیڈول اور ری روٹ کیا جائے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔