ہوشربا مہنگائی اور یوٹیلٹی بلز نے ملازمین کی زندگی اجیرن بنا دی‘امیر محمد کاکڑ

18 اگست ، 2024

کوئٹہ(پ ر)ایپکا کوئٹہ ڈویژن کے صدر امیر محمد کاکڑ، مظفر علی، اکمل ترین، ہدایت اللہ اور شائستہ خان ترین نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں اور الائونسز میں اضافہ ضروری ہے ۔ گزشتہ چند سال کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی میں تنخواہ کا بڑا حصہ خرچ ہو جاتا ہے ۔ جس کے باعث سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین تنظیموں کو مہنگائی کیخلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنا چاہئے تھی لیکن افسوس اکثر ملازمین تنظیموں کے عہدیدار صرف ذاتی مفادات کے اسیر ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپریٹی ریڈکشن الاؤنس کے دس فیصد صوبائی حکومت کے ذمہ واجب الادا ہیں طویل عرصے سے ادا نہیں کئے جا رہے مہنگائی کی وجہ سے ملازمین کیلئے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔