خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے‘روبینہ شاہ

18 اگست ، 2024

کوئٹہ(پ ر)بی اے پی کی رہنما روبینہ شاہ نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ خواتین پر مشتمل ہے، جو کہ کسی بھی ملک یا ریاست کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پاکستان کی ترقی کے لئے نہایت اہم ہیں، اور اگر ان کو درپیش چیلنجز کا حل نہ نکالا گیا تو پاکستان کی معاشی ترقی متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے خواتین کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت صرف 23 فیصد ہے، جو کہ نہایت کم ہے۔ اس کی بنیادی وجہ نقل و حرکت میں پابندیاں، اجرتوں میں شدید فرق، اور کام کی جگہوں پر عدم تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے جامع اور مؤثر پالیسیوں کا نفاذ کرے ۔