چار سال بعد بھی سلطان چڑھائی کی متبادل سڑک کا کا م مکمل نہ ہوسکا‘ ٹرانسپورٹرز

18 اگست ، 2024

نوشکی (نامہ نگار) آل تفتان کوئٹہ کوچز کے صدر میر ملک شاہ جمالدینی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک ایران قومی شاہراہ پر چار سال قبل سلطان چڑھائی کے دو کلو میٹر متبادل سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا اس کے باوجود بھی تعمیر کا کام تشنہ تکمیل ہے 30 اگست تک متبادل سڑک پر تار کول بچھانے کا کام شروع نہیں کیا گیا تو آل تفتان کوئٹہ کوچز کے تمام ٹرانسپورٹر بطور احتجاج چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے دفتر کے سامنے دھرنا دینگے انہوں کہا کہ پدگ سے دالبندین تک 100 کلو میٹر شاہراہ خستہ حالی کا شکار ہے نوکنڈی سے تفتان تک ریت کے ٹیلوں کی وجہ سے شاہراہ پر سفر عذاب بن گیا ہے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کو کئی بار شاہراہ کی زبوں حالی سے متعلق آگاہ کیا لیکن ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی سلطان چڑھائی کی متبادل سڑک پر تار کول بچھا نے پدگ سے دالبندین تک قومی شاہراہ کی بہتری اور نوکنڈی سے تفتان تک شاہراہ سے ریت کے ٹیلوں کو ہٹانے کے لیے 30 اگست تک الٹی میٹم ڈیٹ دیتے ہیں بصورت دیگر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے صوبائی دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دینگے اور قانونی چار جوئی پر مجبور ہونگے۔