برطانیہ میں مسلمانوں کے گھروں اور مساجد پر حملے قابل مذمت ہیں‘تنظیم اسلامی

18 اگست ، 2024

کوئٹہ (پ ر)تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہاہے کہ دوسروں پر انتہا پسندی کا الزام لگانے والے برطانیہ کا اپنا اسلامو فوبیا سے لتھڑا بدنما چہرہ بُری طرح بے نقاب ہوگیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جس طرح برطانیہ میں بڑی تعداد میں انتہا پسند بلکہ دہشت گرد جتھوں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران مسلمانوں کی مساجد، گھروں اور دکانوں کا جلاؤ گھیراؤ کیا اور بدترین غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا وہ مغربی ممالک میں بسنے والے تمام مسلمانوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یورپ کے اکثر ممالک اسلام اور مسلمانوں کے خلاف منظم نفرت انگیزی، نسلی تعصب اور تفریق کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مغربی ممالک کا میڈیا اور کئی سیاست دان اسلاموفوبیا کے بدترین داعی بن چکے ہیں۔ حجاب سمیت دیگر شعائر اسلام کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔