کشمیر سپریم لیگ انتہائی کامیاب کرکٹ لیگ ہوگی، عامر سہیل

03 ستمبر ، 2024

مظفرآباد (صباح نیوز) کرکٹ کی بین الاقوامی دنیا کے بڑے نام کشمیر سپریم لیگ سے جڑنے کا سلسلہ جاری، پاکستان ٹیم کے سابق کپتان عظیم بلے باز عامر سہیل نے کشمیر سپریم لیگ کو آزادکشمیر کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور صلاحتیں دکھانے کا ایک اہم موقع قرار دے دیا۔ عامر سہیل کا کے ایس ایل ہیڈکوارٹر پہنچنے پر چیئرمین لیگ مسعود خان نے استقبال کیا، سابق کپتان کو انتظامیہ کی جانب سے سیزن ون سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم عامر سہیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سپریم لیگ کی حکمت عملی سے معلوم ہو رہا ہے کہ یہ انتہائی کامیاب کرکٹ لیگ ہوگی، پاکستان اور کشمیر میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے محدود مواقع ہوتے ہیں، یہ لیگ کھلاڑیوں کیلئے ایک انتہائی اہم موقع میسر کرے گی، جس سے ملک کے اندر موجود ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، جہاں بھی کرکٹ کی بہتری کیلئے بات ہوگی، ہم اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، نوجوان کھلاڑیوں کی مہارت نکھارنے کیلئے اور مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہوں، میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ کشمیر سپریم لیگ نے مجھے بلایا، یہ لیگ کافی پروفیشنل لیگ ثابت ہوگی۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر سپریم لیگ مسعود خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سپریم لیگ کا سفر انتہائی کامیابی سے جاری ہے، قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور دنیا میں کرکٹ کے موجود ہ بڑے کھلاڑیوں کو اس لیگ میں لانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے، ہم آزادکشمیر اور پاکستان کے میدانوں کو آباد کرنا چاہتے ہیں، نوجوان کھلاڑی جب کرکٹ کے بڑے ناموں کے ساتھ اپنی صلاحتیں دکھائیں گے تو انہیں اپنا نام بنانے کیلئے ایک بہترین مقام میسر آئے گا، اس کیساتھ ساتھ یہ کھلاڑی دنیا کے بڑے کھلاڑیوں سے سیکھیں گے، پاکستان کی کرکٹ کا مستقبل انہی کھلاڑیوں سے ہے، کشمیر سپریم لیگ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، اچھا ٹیلنٹ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اس پلیٹ فارم سے اپنی جگہ پاکستانی اور بین الاقوامی کرکٹ میں بنانے کا موقع ملے گا، ہم نے کئی برسوں کی محنت کے بعد آج اس مقام کو حاصل کیا ہے کہ پاکستان میں کشمیر کے نام سے ایک بڑی لیگ ہو رہی ہے۔