آئی ایم ایف سے مذاکرات صرف بیرونی فنانسنگ گیپ پورا کرنے پر ہورہے ہیں, وزارت خزانہ

05 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (ایجنسیاں)ترجمان وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات اب صرف بیرونی فنانسنگ گیپ کو پورا کرنے پر ہورہے ہیں اور پنجاب حکومت کی بجلی کے بلوں پر سبسڈی سے اب کوئی مسئلہ نہیں ہےجبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ اگلے موسم سرما میں گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا‘ پیشگی بتا رہا ہوں گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا‘قوی امید ہے کہ اسپاٹ ایل این جی کارگوز خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی‘ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر 18 ارب ڈالرجرمانے کی بات درست نہیں ہے‘اس معاملے پر عالمی پابندیوں کے عوامل بھی ہیں‘اس حوالے سے ان کیمرا بریفنگ دینے کے لیے تیار ہوں‘ریکوڈک پر قوم کو جلد اچھی خبر ملے گی ۔ تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں ترجمان وزارت خزانہ نے بتایا کہ دوست ممالک سے روول اوور کے متعلق آئی ایم ایف مطمئن ہے جبکہ پنجاب حکومت کی بجلی کے بلوں پر سبسڈی سے اب کوئی مسئلہ نہیں ہے‘یو اے ای بینک اور ایک گلوبل بینک سے کمرشل قرض پر بات چیت جاری ہے، کمرشل بینکوں سے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے اور امید ہے جلد مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ پوری کوشش ہے کمرشل بینکوں سے کمٹمنٹ جلد حاصل کرلیں‘ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس وصولیوں پر آئی ایم ایف سے کوئی بات نہیں ہو رہی، وزارت خزانہ اور ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کو بہتر بنانے پر بات کر رہے ہیں۔ادھرمیڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کی چار پانچ ٹیمیں بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کے لیے کام کر رہی ہیں‘بجلی کی قیمتوں، جینکوز، سرکلر ڈیٹ، کپیسٹی پیمنٹس پر الگ الگ ٹیمیں کام کر رہی ہیں‘ امید ہے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔سردیوں میں بجلی کی کھپت کم ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے‘بجلی کی کھپت بڑھانا ضروری ہے جس پر کام جاری ہے، اگر ہم بجلی کی قیمتیں کم کر کے گیس کی قیمتیں بڑھائیں گے تو سردیوں میں بجلی کی کھپت بڑھ سکتی ہے۔اگر ہیٹرز اور چولہے گیس کے بجائے بجلی پر منتقل کریں تو سردیوں میں کپیسٹی پیمنٹ سے بچا جا سکتا ہے ‘ ریکوڈک کوایڈوانس مرحلے میں لے کر جا رہے ہیں، ریکوڈک پر ہم نان ڈسکلوژر اگریمنٹ میں ہیں اورجلد مثبت خبر آئے گی۔سولر پر رپورٹ جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔ بلوچستان کے مسائل کا سیاسی حل نکالنا ضروری ہے، بلوچستان میں بیرونی مداخلت ہے۔