کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ ن، بلال اظہرکیانی نے کہاہے کہ علی امین گنڈا پور کا کردار صوبے کے چیف ایگزیکٹو جیسا نہیں ہے۔جن معاملات میں وہ ملزم ہیں انہیں پیش ہونا چاہئے، رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف، شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو نہ کسی نے پکڑنے جانا ہے اور نہ پکڑ کر پیش کرنا ہے۔علی امین قانون کا احترام کرتے ہیں،نوٹس جاری ہوتا تو ضرور پیش ہوتے، میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے قومی اسمبلی میں ایک بہت اہم تقریر کی ہے۔ ان کی تقریر کے بہت سے لوگ اپنی اپنی مرضی کے معنی نکال رہے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی مسلم لیگ ن، بلال اظہرکیانی نے کہا کہ پارلیمان فیصلے کرنے کے لئے با اختیا رہے۔ جہاں تک مولانا کے بات کرنے کی وجہ ہے وہ بہتر خود بیان کرسکتے ہیں یہ ان کا ایک موقف ہے۔