185 امیر ترین بھارتیوں کی دولت3319کھرب روپے سے متجاوز

05 ستمبر ، 2024

کراچی (رفیق مانگٹ) 185امیر ترین ہندوستانیوں کی دولت3319کھرب20ارب روپے سے تجاوز کر گئی، مکیش امبانی 349 کھرب7 ارب روپے(125ارب 15کروڑ ڈالر)کے ساتھ سرفہرست جب کہ ٹاپ 10 میں ایک خاتون بھی شامل ہے، امریکی ہندنبرگ ریسرچ کے الزامات کے باوجود، اڈانی کی دولت اس مدت میں تقریباً دوگنی 343کھرب 32 ارب روپے(123ارب 9کروڑ ڈالر) ہو گئی۔ صرف تین سالوں میں ان کی دولت میں 50 فیصد اضافہ ہوا، ایک اور رپورٹ میں اڈانی کو ایشیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا ، کھرب پتیوں کی دولت ہندوستان کی جی ڈی پی کے 33عشاریہ81 فیصد کے برابر ہے۔ ٹاپ 10میں مسٹری خاندان، شیو نادر، رادھا کشن دامانی، سنیل متل خاندان، اور عظیم پریم جی شامل ہیں۔ فارچیون انڈیا ۔واٹر فیلڈ ایڈوائزرز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے امیر ترین لوگوں کی مجموعی دولت 3319 کھرب 20ارب روپے(ایک ٹریلین19ارب ڈالر) (99 عشاریہ86 ٹریلین بھارتی روپے) تک پہنچ گئی ہے۔