مہمندمیں FC ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام ،4خوارج ہلاک،پشین میں 5دہشتگرد مار دیئے

08 ستمبر ، 2024

پشاور(خبر ایجنسیاں) ضلع مہمند میں خوارجی دہشت گردوں کی ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی،4دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 4 خوارج کے ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش کی، جوابی کارروائی میں چاروں خوارج خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے، ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ، ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے ۔اک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دوسری جانب بلوچستان کے ضلع پشین میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ایک کارروائی کےدوران کالعدم تنظیم کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 شارپ شوٹر پشین کے علاقے سرخاب مہاجر کیمپ میں دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی نے علاقے کا گھیراو کر کے دہشت گردوں کو ہاتھ ڈالنے کی تنبیہ کی تاہم دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔ اس پر سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد احمد اللہ عرف علی عرف بدری، احسان اللہ عرف متوکل عرف حامد، سمیع اللہ اور ان کے دو ساتھی ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، ایک 30بور ٹی ٹی پستول، دو نائن ایم ایم پستول، گولیاں، دو ہینڈ گرینیڈ، ایک آئی ڈی، 4کلودھماکا خیز مواد، پرائما کارڈ اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔ ادھر محکمہ انسدادِ دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 475انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 33دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ۔یہ کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، ننکانہ، رحیم یار خان، بھکر اور دیگر شہروں میں کی گئیں۔لاہور سے کالعدم جماعت الاحرار کا خطرناک دہشت گرد گرفتار ہوا ہے۔گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، خودکش جیکٹ، 2دستی بم، 26 ڈیٹونیٹرز، گولیاں، اسلحہ، موبائل، نقدی برآمد ہوئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مہمند میں خارجی دہشتگردوں کی فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش کو ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے خود کش خارجیوں کو ہلاک کیا، مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ فورسز نے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔