9مئی مقدمات :عمران کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سرکاری وکیل سے دلائل طلب

08 ستمبر ، 2024

لاہور (اے پی پی)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گزشتہ سال نو مئی واقعات میں درج چار مقدمات میں دائر ضمانتوں کی درخواستوں پر سرکاری وکیل سے دلائل طلب کرلیے ، عدالت نے سماعت پیر10ستمبر تک ملتوی کردی ۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج خالد ارشدنے ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت کی، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل مکمل کرلئے اور عدالت کو بتایا کہ نو مئی کیسز سیاسی بنیادوں پر بنائے گے، نو مئی کے ٹرائل میں کیا رہ گیا ہے جہاں پراسیکیوشن خود اپنا کیس تباہ کرچکی ہے ، پراسیکیوشن کے موقف ابتک چار بار تبدیل ہوچکے ہیں، عدالت ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرے۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے دلائل کے لیے مہلت کی استدعا کی، عدالت نے سرکاری وکیل کو دلائل کا آخری موقع دے دیا اور سماعت دس ستمبر تک ملتوی کردی۔