کرایہ داروں سے بلاوجہ مکان خالی کرانے پر پابندی کابل اگلے ہفتے پیش کیاجائے گا

08 ستمبر ، 2024

لندن (پی اے) حکومت کرایہ داروں سے بلا وجہ مکان خالی کرانے پر پابندی کا بل اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ توقع کی جاتی ہے پارلیمنٹ میں فرسٹ ریڈنگ کیلئے پیش کئے جانے والے قانون کے تحت، جس کا اطلاق انگلینڈ پر ہوگا، کرایہ دار گھر میں پالتو جانور رکھنے کی درخواست بھی کرسکیں گے۔ بلاوجہ کرایہ داروں سے مکان خالی کرانے پر پابندی کا یہ بل پیش کرنے کا وعدہ بہت پرانا ہے لیکن سابقہ حکومت اس معاملے کو تاخیر کا شکار کرتی رہی، یہاں تک کہ حکومت ہی رخصت ہوگئی، توقع ہے کہ بل پر موسم خزاں کے آخر میں بحث کی جائے گی، بل کا مقصد کرایہ داروں کو تحفظ فراہم کرنا اور ناپسندیدہ مالکان مکان کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔ فی الوقت مالکان مکان کرایہ داروں کو بیدخل کرنے کیلئے قانون کی شق 21 کا سہارا لیتے ہیں، جس کے تحت مالکان مکان کوئی وجہ بتائے بغیر 2 مہینے کے نوٹس پر کرایہ دار کو بیدخل کرسکتے ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ بل کی منظوری کے فوری بعد اسے نافذ العمل کردیا جائے گا۔ سابقہ حکومت کا کہنا تھا کہ بلاوجہ کرایہ داروں کو بیدخل کرنے پر پابندی کے بعد مالکان مکان کو اپنی املاک کا قبضہ حاصل کرنے کیلئےقانون کا سہارا لینا پڑے گا، جس سے عدالتوں پر کام کے بوجھ میں اضافہ ہوگا۔ اس بل کے تحت کرایہ داروں کو کرایہ میں اضافے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اختیار بھی مل جائے گا اور مالکان مکان اور کرایہ پر مکان دلوانے والوں کی جانب سے کرائے کی بولی لگانے کے عمل کو روکنے کیلئے بھی نیا قانون بنایاجائے گا۔ اس قانون کے تحت مالکان مکان کو ایک مقررہ وقت کے اندر مکان کو نقصان پہنچانے والے عوامل سے پاک کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔ قانون کے تحت مالکان مکان اپنی ضرورت کے تحت مکان خالی کراسکیں  گے۔ وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے پہلے کہا تھا کہ بہت سے لوگ عدم تحفظ اور ناانصافی کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ کنزرویٹو حکومت کے دور میں اس بل پر ہائوس آف لارڈز میں دوسری خواندگی ہونی تھی، جب پارلیمنٹ توڑ دی گئی۔ ہائوسنگ سے متعلق چیرٹی شیلٹر نے مجوزہ بل کو کسی ایک نسل کے دوران ملنے والا ایک موقع قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے انگلینڈ کے 11 ملین کرایہ داروں کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ شیلٹر کی خواہش ہے کہ قانون کے تحت کرائے میں اضافے کی حد مقرر کردی جائے اور خراب مالکان مکان کے خلاف کارروائی کیلئے لوکل اتھارٹیز کو فنڈ دیئے جائیں اور کرایہ داری میں امتیازات کا خاتمہ کیا جائے۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرائے میں اضافے پر پابندی لگائی جائے۔