بھارت میں مشرف کی خاندانی جائیدادساڑھے4کروڑ روپے میں نیلام، تین گنا زائد پر فروخت

08 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس) بھارت نے سابق صدرِ پاکستان جنرل پرویز مشرف کی خاندانی جائیداد کو نیلام کردیا ۔پرویز مشرف کی یہ خاندانی زمین ریاست اُترپردیش میں باغپت ضلع کے کوتانہ گاؤں میں تھی، جسے سرکار نے 2010 سے ”دشمن کی ملکیت“ قرار دے رکھا تھا، اس زمین کی بولی اس کی بنیادی قیمت سے ساڑھے تین گنا زیادہ لگائی گئی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک مقامی اعلیٰ سرکاری افسر نے بتایا کہ اس زمین کے لیے آن لائن بولیاں لگیں اور بنیادی قیمت سے کئی گنا زیادہ بولی لگی، اس زمین کی بنیادی قیمت 39 لاکھ 6 ہزار روپے(ایک کروڑ31لاکھ پاکستانی روپے)رکھی گئی تھی لیکن ساڑھے تین گنا زیادہ ایک کروڑ 38 لاکھ 16 ہزار (ساڑھے4کروڑ پاکستانی روپے)پر بولی ختم ہوئی۔ زمین کا یہ قطعہ اترپردیش میں پرویز مشرف کے آباؤاجداد کی آخری زمین تھی، کوتانہ گاؤں میں ان کی اور بھی خاندانی زمینیں تھیں، جو پہلے ہی نیلام کی جاچکی ہیں۔