صدر نے اسلام آباد میں جلسے،جلوسوں کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق بل پر دستخط کردیئے،پی ٹی آئی کا جلسہ آج ہوگا

08 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (ایجنسیاں/جنگ نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پر امن اجتماع و امن عامہ بل 2024 پردستخط کر دیئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے آج 8 ستمبر کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے، ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد جلسے کے لیے تحریک انصاف کو این او سی بھی جاری کر دیا ہے۔صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے دستخط کرنے کے بعد پرامن اجتماع و امن عامہ بل قانون کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ صدر کے دستخط کے بعد سمری قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئی اور پرامن اجتماع و امن عامہ کا قانون فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن کیلئے ایم ڈی پرنٹنگ کارپوریشن کو خط بھی ارسال کر دیا ہے۔پر امن اجتماع و امن عامہ بل کے مطابق اسلام آباد میں بغیراجازت جلسے یا اجتماع پر تین سال کی قید ہوگی اور دوسری بار غیرقانونی جلسے یا اجتماع پر10 سال قید کی سزا ہوگی۔