بجلی چوری روکنے کیلئے جدید ترین میٹرز لگانے کا فیصلہ

08 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد)بجلی چوری روکنے کیلئے جدید ترین میٹرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا،صارفین کو امریکا‘ یورپ کی طرح جدید الٹرا ماڈرن کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے بجلی کی 24گھنٹے فراہمی یقینی بنے گی اور اُنکی شکایات کا فوری ازالہ ہوا کریگا، وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے وفاقی پاور ڈویژن نے ملک بھر میں اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا سرکلر جاری کر دیا ہے۔ ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹرکچر میٹر کی تنصیب کے حوالے سے جاری سرکلر میں ملک بھر کی تمام الیکٹرک ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اپنے صارفین کے موجودہ بجلی کے میٹرز ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر سے تبدیل کرنے کا آغاز کر دیں۔ جنگ کو پاور ڈویژن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی‘ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو یہ وفاقی سرکلر موصول ہو گئے ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے پاور سیکٹر میں اصلاحات‘ جدت پسندی اور صارفین کو بہترین کسٹمز سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹرکچر اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب سے ملک و قوم کو اربوں روپے بجلی کی چوری سے چھٹکارا مل جائیگا اور صارفین کو امریکا‘ یورپ کی طرح جدید الٹرا ماڈرن کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے بجلی کی 24گھنٹے فراہمی یقینی بنے گی اور اُنکی شکایات کا فوری ازالہ ہوا کریگا۔ ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹرکچر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد رضا گیلانی نے بتایا کہ اے ایم آئی کی تنصیب یقینی طور پر خودکار‘ سو فیصد درست اور بروقت میٹر ریڈنگ‘ بجلی چوری پر قابو‘ بجلی کی طلب و رسد کا درست تعین اور بجلی کے استعمال پر کنٹرول‘ ریکوری میں اضافے‘ میٹرز میں آنے والے فالٹس کی خود کار طریقے سے متعلقہ ایس ڈی او آفس کو آگاہی ممکن بنائی گئی ہے۔ صارفین کو اے ایم آئی میٹرز کے بارے میں درست معلومات فراہم کرنے کیلئے مختلف فورمز پر آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے جس میں صارفین کے مختلف سوالات کے بروقت جوابات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو کے دو آپریشن سرکلز راولپنڈی سٹی اور راولنڈی کینٹ میں بجلی کے پرانے میٹروں کی جگہ جدید اور دور حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ دس ہزار سے زائد اے ایم آئی میٹرز نصب کئے جا چکے ہیں۔ 2026ء تک راولپنڈی سٹی اور راولپنڈی کینٹ سرکلز‘ ٹیکسلا اور گردو نواح جبکہ انڈسٹریل ٹیرف کے حامل تمام ایم ڈی آئی میٹرز اور ہائی لاسز فیڈرز پر نصب تمام پرانے بجلی میٹرز کو اے ایم آئی میٹرز سے تبدیل کر دیا جائیگا جن کی تعداد 12لاکھ سے زیادہ ہو گی۔ بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور لائن لاسز میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ہائی لاسز فیڈرز پر تمام بجلی کمپنیاں پہلے اے ایم آئی میٹرز لگانے کا کام مکمل کریں گی‘ اس کیلئے ہر صارف کے پرانے میٹر کی جگہ نیا میٹر لگایا جائیگا اور سولر میٹر کے ساتھ بھی اے ایم آئی میٹرز لگایا جا سکے گا۔