65کی جنگ نے مسلح افواج کے ناقابل تسخیر جذبے کواجاگرکیا چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی

08 ستمبر ، 2024

لاہور(پ ر) پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) بھی کہا جاتا ہے نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ستمبر 1965 کے شہداء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا۔ سی بی ڈی پنجاب کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی پنجاب بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس اہم موقع پر سی بی ڈی پنجاب کے سینئر افسران اور عملہ نے بھی شرکت کی سی او او سی بی ڈی پنجاب بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے ستمبر 1965 کی جنگ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستانی مسلح افواج کے ناقابل تسخیر جذبے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء اور غازی ہماری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، 1965 میں ہماری افواج نے فیصلہ کن انداز میں دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف کسی بھی جارحانہ پیش قدمی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔