قومی زبان کسی بھی ملک کی ثقافتی پہچان ہوتی ہے:جماعت اسلامی خواتین

08 ستمبر ، 2024

لاہور (نیوزرپورٹر)قومی زبان کسی بھی ملک کی ثقافتی پہچان ہوتی ہے - پاکستان کی قومی زبان اس کی معاشرتی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کی عکاس ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق ڈ پٹی سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،ثمینہ سعید، ڈاکٹرزبیدہ ،نازیہ توحید ، عظمی عمران نے ’’یوم نفاذ اردو ‘‘ کے حوالے سے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری قومی زبان اردو عصبیت کا نہیں بلکہ قومی وحدت و قوت کا سرچشمہ ہے -پاکستان میں قومی زبان کے نفاذ سے علاقائی زبانوں کو کوئی خطرہ نہیں۔ ہماری قوم کی بدقسمتی ہے کہ ہم قومی زبان پر انگریزی زبان کو فوقیت دیتے ہیں ۔پاکستان میں انگریزی تمام شعبہ ہائے زندگی پر مسلط ہے ,قومی ترقی اور وحدت کے لئے دفاتر، عدالتوں ، سکولوں اور اسمبلیوں میں قومی زبان کا استعمال کیا جانا ناگزیر ہے -انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج تک انہی قوموں نے ترقی کی ہے جنہوں نے اپنی قومی زبان کو اظہار و بیان کا ذریعہ بنایا .۔1973 کے آئین کی رو سے اردو کو قومی زبان قرار دیا گیا ۔