یوم خواندگی :پاکستان بھرمیں تعلیمی ایمرجنسی نافذ، طلبہ اندراج کی مہم شروع

09 ستمبر ، 2024

اسلام آباد( خبر ایجنسیاں)وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگادی اورکہاکہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے،تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، صوبوں کے ساتھ ملکر پولیو کا بھی خاتمہ کریں گے۔ اتوار کو وزیراعظم نے کہاکہ تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکولوں میں بچوں کو دوپہر کے کھانے کی فراہمی شروع کردی، سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کیلئے وظائف اور دیگر مراعات متعارف کرائی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کیساتھ مل کر پاکستان کے ماتھے پر لگے پولیو کے داغ کو ختم کردے گی۔ وزیراعظم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ملک بھر میں پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔