ہمیں مولانا کی ضرورت ہے نہ تھی،ان کی نظر گورنر شپ،2سینیٹ نشستوں پر ہے،بیر سٹر سیف

09 ستمبر ، 2024

پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیاہے کہ ہمیں مولانا کی ضرورت ہے نہ تھی ، ان کی نظر گورنرشپ اور2سینیٹ نشستوں پر ہے،فضل الرحمٰن کسی کے ساتھ نہیں ،صرف اپنے ساتھ ہوتے ہیں، وہیں کھڑے ہوں گے جہاں فائدہ نظر آئے گا، الیکشن کمیشن اور8فروری انتخابات پر ہماراموقف ایک تھا لیکن اب انہوں نے اس نظام کو ہی قبول کرلیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہاکہ تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے تو مولانا فضل الرحمٰن کسی کے ساتھ نہیں، اپنے ساتھ ہوتے ہیں، وہ وہیں کھڑے ہوں گے جہاں اپنا فائدہ نظر آتا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اگراپنی سوچ بدل چکے اور مفاد حکومت کے ساتھ ہونے میں نظرآرہا ہے تو انہیں مبارک، ان کی تحریک اس حد تک ہے ۔خیبرپختونخوا سے توان کی جماعت کا خاتمہ ہوچکا ہے، کے پی میں مولانافضل الرحمٰن کی اتنی سیٹیں ہیں کہ ساری اپوزیشن کو ملا کر بھی اسمبلی اجلاس نہیں بلاسکتے۔ انہوںنے کہاکہ مولانا کو کے پی کی گورنری اور سینیٹ کی دو سیٹوں پر نظر ہے تو شہباز شریف اور زرداری دے دیں گے، انہوں نے مؤقف اس لیے تبدیل کیا کہ ذاتی مفاد نظر آرہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن اپنے خاندان سے باہر سیاست کو دیکھتے ہی نہیں۔بیرسٹر سیف نے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن کا بھائی سینیٹر بنے گا یا ان کا داماد یا سمدھی گورنر بنے گا۔ترجمان پختونخوا حکومت نے کہا کہ مولانا کی ہمیں نہ کل ضرورت تھی نہ آج ہے، الیکشن کمیشن پر اور 8 فروری الیکشن پر مولانا کے اعتراض پر ہم ساتھ تھے، انہوں نے اب اس نظام کو ہی قبول کرلیا ہے۔