یرغمالی نہ چھڑوانے پر اسرائیلی سیخ پا، لاکھوں نیتن یاہو کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

09 ستمبر ، 2024

تل ابيب(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)یرغمالی نہ چھڑوانے پر اسرائیلی شہری سیخ پا ہوگئے،ساڑھے سات لاکھ سے زائد اسرائیلی شہری وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ان کاکہناتھا کہ وزیراعظم کویرغمالیوں کی نہیں، اقتدار کی فکر ہے ،امریکا براہ راست حماس سے مذاکرات کرکے جنگ بند کرائے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مظاہرین نے یرغمالیوں کی بازیابی کیلئے بینرز اُٹھا رکھے تھے اور نیتن یاہو حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نیتن یاہو اپنی کرسی بچانے کے بجائے فوری طور پر حماس کیساتھ غزہ جنگ بندی معاہدہ کریں تاکہ اسرائیلی یرغمالیوں کو حماس کی قید سے جلد از جلد رہا کرایا جاسکے۔ مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 11 ماہ سے قید یرغمالیوں کی جانیں خطرے میں ہیں لیکن حکومت کو اپنے اقتدار کی پڑی ہے۔ اب تک جو یرغمالی زندہ واپس آئے ان میں سے اکثریت کی معاہدے کے تحت واپسی ہوئی۔ مظاہرین نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو درمیان سے ہٹاکر براہ راست حماس سے مذاکرات کرے اور جلد از جلد جنگ بندی معاہدہ کرائے۔