پشاور، مسلح افرادناکہ لگا کر مرغی فروش سمیت چار افراد کو لوٹ کر فرار

09 ستمبر ، 2024

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور کے علاقے نادرن بائی پاس پر مسلح افراد نے ناکہ لگا کر مرغیاں سپلائی کرنے والے،ٹرک ڈرائیور، اسکے ساتھی اور موٹرسائیکل سوار شہری کویکے بعد دیگرے لوٹ لیا اور ان سے مرغیاں، موٹرسائیکل ، نقدی اور موبائل فونز لے اڑے ، پولیس نے انکوائری مکمل ہونے پر ایف آئی آر درج کرلی۔ تھانہ شاہ پور پولیس کومدعی رشید ولد غریب گل ساکن چارسدہ نے بتایاکہ وہ سوزوکی ڈرائیور ہے اور مرغیاں سپلائی کرتا ہے ۔اس نے موٹروے مرغی فارم سے مرغیاں گاڑی میں ڈال کر شندور روانہ ہوا اس دوران وہ نادرن بائی پاس کٹرو پل کے قریب پہنچا تو رکشہ میں سوار4نامعلوم افرادآئے جس میں ایک کے پاس کلاشنکوف اور2 کے ساتھ پستول تھے جبکہ رکشہ ڈرائیور بھی ان کا ساتھی تھا۔مسلح افراد اس سے 50ہزار روپے ، موبائل فون اور گاڑی سے 13مرغیاں بھی لیکر رکشے میں ڈال دیئے ۔ انہوں نے موٹرسائیکل پر آنے والے ایک شخص عارف کوبھی روکا اور اس سے موٹرسائیکل ،موبائل نقدی جبکہ ٹرک کو روک کر ڈرائیور جان شیر سے نقدی اور دیگر دستاویز اوراس کے ساتھی کامران سے موبائل فون چھین کر سروس روڈ پر دلہ زاک روڈ کی طرف فرار ہوگئے ۔