گنداواہ ،بجلی کی دو ماہ سے بندش کے خلاف مظاہرہ ،دھرنا دیاگیا

09 ستمبر ، 2024

گنداواہ( نامہ نگار )گنداواہ اور گردونواح میں دو ماہ سے بھاگ گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے بعد دھرنا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بارشوں کےبعد بھاگ گرڈ اسٹیشن سےمین ٹرانسمیشن لائن کی خرابی کیسکوحکام دور نہ کر سکے۔ بجلی کی بحالی کےلیے گنداواہ میں احتجاجی مظاہرہ و ڈی سی ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا گیا جو رات دیر گئے تک جاری رہا۔احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے میں شہریوں ،نوجوانوں،تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے کہاکہ گزشتہ دو ماہ سے بجلی بند ہے ۔ شدید گرم موسم میں بجلی کی بندش سے ایک طرف لوگ اذیت کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب کیسکو کی جانب سے ظلم کی انتہا دیکھئے کہ دوماہ سے بجلی بند ہونے کے باوجودصارفین سے بل وصول کیاجارہا ہے۔مقررین نے کہاکہ گنداواہ ایک گرم ترین علاقہ ہے موجودہ دور میں بجلی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے جس کی بندش سے تمام معمولات زندگی متاثر ہیں ۔سرکاری امور ٹھپ ہیں۔دھرنا رات گئے تک جاری رہا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جھل مگسی نے یقین دہانی کرائی کہ مین ٹرانسمیشن لائن کی مکمل مرمت اور بجلی کی فوری بحالی کے اقدامات کے جائیں گے جس پر دھرنا ختم کر دیا گیا ۔