پشاور، قتل کے الزام میں گرفتار ملزم عدم ثبوت کی بنا پر بری

09 ستمبر ، 2024

پشاور (نمائندہ جنگ )ایڈیشنل سیشن جج لبنیٰ زمان نے قتل کے الزا م میں گرفتار ملزم کو ناکافی شواہد اور عدم ثبوت کی بناء پر بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،ملزم کی جانب سے کیس کی پیروی ولی خان ایڈووکیٹ نے کی۔ استغاثہ کے مطابق گرفتار ملزم سیف السلام پر الزام ہے کہ اس نے دیگر شریک جرم ملزمان کے ساتھ ملکر 22 مارچ2022 کو تھانہ پار ہوتی کی حدود میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے نادر خان نامی شخص کو قتل کیا، دوران ٹرائل ملزم کے وکیل ولی خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکہ ایف آئی آر کے مطابق نادر خان کی موت اندھا دھند فائرنگ سے ہوئی جبکہ شواہد کے کیمطابق ایک ہتھیار کا استعمال ہوا ، اسکے علاوہ اس وقت ملزم سیف السلام جائے وقوعہ پر بھی موجود نہیں تھا اسکے ساتھ ساتھ مقدمہ میں دیگر نامزد ایک ملزم بھی تاحال مفرور ہے جبکہ پولیس کے ساتھ گرفتار ملزم سیف السلام کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں لہذا ملزم کو مقدمہ سے بری کیاجائے ، عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر ناکافی شواہد اور عدم ثبوت کی بناء پر ملزم کو بری کرنے کے احکاما ت جاری کردیئے ۔