سالڈ ویسٹ معاہدہ عوام کے سامنے لایا جائے،گرینڈ الائنس ایم سی کیو

09 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)گرینڈ الائنس میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری ندیم کھوکھر، سینئر نائب صدر حبیب الرحمٰن ، سعادت کاکڑ ، آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر کے نامزد امیدوار عارف مینگل نے الائنس کے صدر کے گھر پر رات کی تاریکی میں پولیس کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ سالڈ ویسٹ معاہدئے کو فوری طور عوام کے سامنے لایا جائے ،یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے سوشل میڈیا پر بیان دیا کہ کارپوریشن کو یونیز نے یرغمال بنایا ہوا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی نجکاری کے فیصلے سے کوئٹہ میں صفائی کا نظام تباہ ہوچکا ہے ،انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو نائب وزیراعظم پاکستان ، وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف سیکرٹری و دیگر نے کوئٹہ شہر کی صفائی کے نظام کی نجکاری منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا لیکن آج 25 روز گزرنے کے باوجود ملازمین اور افسران تک کو معلوم نہیں کہ معاہدہ کس قانون کے تحت کیا گیا ہے ملازمین اور افسران پریشان ہیں کہ اس بار تنخواہ متعلقہ ٹھیکیدار یا میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے ادا ہوگی ،دوسری جانب سالڈ ویسٹ کی جانب سے اب تک افرادی قوت نظر نہیں آرہی گزشتہ 25 دن سے پرائیویٹ کمپنی میٹروپولیٹن کا فیول اور مشینری استعمال کررہی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ضمن میں معاہدئے کی تمام تر تفصیلات فوری طور پرسامنے لائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف 1400 ملازمین جو گزشتہ 15 سال سے کنٹریکٹ کی بنیاد پر شہر کی صفائی کیلئے کردارادا کر رہے ہیں انہیں برطرف کردیا گیا جس سے ان کے بچے فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ برطرف عارضی ملازمین کو دو مہینے کی تنخواہیں اب تک ادا نہیں کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات تین بجے پولیس کی بھاری نفری نے گرینڈ الائنس میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے صدر نعمت اللہ کرد کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کی جس کی مذمت کرتے اور مطالبہ کرتے ہیں ذمیہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔