ترقیاتی سکیموںمیں حائل رکاوٹیں دور ،کام کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے،کمشنر کوئٹہ

09 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں میں تمام حائل رکاوٹوں کو دور کرکے کام کی بروقت تکمیل کو ممکن بنایا جائے۔اس حوالے سے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے باہمی اشتراک اور تعاون سے اقدامات اٹھائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ اس کے علاؤہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کوارڈینیشن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد کے علاؤہ میٹروپولیٹن کارپوریشن، توانائی، کسییکو،سوئی سدرن،پی ٹی سی ایل،کیوڈی اے، این ٹی سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کے درمیان کوارڈینیشن کو بہتر بنا کر ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت کو تیز کیا جائے گا۔کوئٹہ شہر کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے اس سلسلے میں متعلقہ افسران پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔اس کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں کے دوران یوٹیلٹی سروسز کو منتقل کرنے کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ کام بنا کسی رکاوٹ جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں بغیر این او سی کھدائی اور روڈ کٹنگ کی اجازت نہیں اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے اور محکمے این او سی لازمی حاصل کریں۔اس کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لیے جی آئی ایس میپنگ سسٹم کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کام کی پیشرفت تیز، مشکلات اور رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اور ادارے تمام منصوبوں کی تفصیلات کام میں پیشرفت اور مشکلات کے حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کریں انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ پر پراجیکٹ کا کام ایک سائیڈ پر کیا جائے تاکہ سوئی سدرن اور پی ٹی سی ایل کو اپنے لائن شفٹ کرنے میں آسانی ہو۔