محبت ، جذبہ ، عشق اپنی جگہ ، جس اجتماع میں نظم وضبط نہ ہو ، انقلاب نہیں لاسکتا ، محمود اچکزئی

09 ستمبر ، 2024

اسلام آباد ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اسلام آباد سنگجانی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو لاکھوں انسانوں کی حمایت حاصل ہے ، تحریک انصاف کی رہبری کے ذریعے عمران خان کو پیغام دینا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ آج تک دنیا میں جتنے بھی انقلاب آئے چاہے وہ سیاسی ہوں یا مذہبی ، کسی بھی انقلاب کو اتنی بڑی تعدادمیں انسانوں کی حمایت حاصل نہیں تھی لیکن یہاں آپ کا انقلاب کیوں نہیں آرہا۔ انقلاب کیلئے بنیادی چیز تنظیم ہوتی ہے ، عمران خان سے محبت ، جذبہ ، عشق اپنی جگہ لیکن تنظیم کی کمی ہے۔ جہاں نظم وضبط اورڈسپلن نہیں ہوگا ایسا اجتماع انقلاب نہیں لاسکتا ۔ یہاں سٹیج پر بدنظمی ، لوگوں کے گرنے کے واقعات نظم وضبط کی کمی ہے۔ ،عمران خان اس بارے میں خوش قسمت ہے کہ آج تک اس ملک میں کسی بھی لیڈر یا انسان کو عوام کی اتنی بڑی حمایت حاصل نہیں ہوئی ہے۔ عمران خان نے جیل میں میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے ٹھیک کہا کہ ہم انقلاب لائینگے۔ انقلاب آپ کا ووٹ کے ذریعے بڑے آرام سے آچکا ہے افسوس کی بات یہ ہے کہ میں کسی کا نام نہیں لیتا لیکن بہت مقتدر سیاسی لوگ یہ کہتے ہیں کہ فارم 45اور فارم47کا کوئی فرق نہیں یہ ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں تھوڑا سا تحریک انصاف کے ساتھیوں کے ساتھ گلہ کرنا چاہتا ہوں ۔ اتنی بڑی طاقت ، لاکھوں انسانوں کی اتنی بڑی رعایت اور عمران خان جیل میں یہ بہت بری بات ہے ۔ صرف یہ اجتماع طریقے سے آگے بڑھے اور حکومت کو 15دن کا الٹی میٹم دے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تمام ملک میں تحریک شروع کردینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حقیقی آزادی کی بات کرتے ہیں یہ کیا ہے۔ حقیقی آزادی یہ ہے کہ آپ نے پشتونخوا وطن کے لوگوں کو پشتونخوا وطن پر حق حکمرانی دینی ہوگی ، پنجاب کے عوام کو پنجاب پر ، سندھ کے عوام کوسندھ اور بلوچستان میں بلوچ اور پشتون کو وہاں پر حق حکمرانی دینی ہوگی ۔اللہ تعالیٰ نے ہماری زمینوں میں جو نعمتیں پیدا کی ہیں ان پر ہر قوم کا حق تسلیم کرنا ہوگا پھر آپ دیکھیں گے کہ یہ ملک کتنی ترقی کرتا ہے اور پاکستان زندہ باد ہوگا۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم ملک کے ہر ادارے کے سربراہ ، صحافیوں، سیاستدانوں ،علماء اور ہر شہری سے جو اس وطن کی مٹی سے محبت کرتا ہے سے استدعا کرتے ہیں کہ ہمارا ساتھ دیں اور ہماری رہنمائی کریں اور جب یہاں عوام کی بادشاہی ہوگی تب پاکستان زندہ آباد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج کے اس جلسے میں پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، خیبرپشتونخوا جہاں سے بھی لوگ آئے ہیں آپ نے ہمت کرنی ہوگی ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا ،عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا اسے جیل سے رہا کرانا ہوگااور عوام کی حکمرانی لانی ہوگی اور فارم 47کی نیلامی کے نمائندوں کو گھر بھیجنا ہوگا۔