ایرانی صدر مسعود پزشکیان عراق کا دورہ کریں گے

09 ستمبر ، 2024

ریاض (شاہدنعیم) ایران کے سرکاری میڈیا نے اتوار کو رپورٹ کیا کہ صدر مسعود پزشکیان بدھ کے روز ہمسایہ ملک عراق کا دورہ کریں گے جو جولائی میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا اولین غیر ملکی دورہ ہے۔پزشکیان اعلیٰ عراقی حکام سے ملاقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ایرانی وفد کی قیادت کریں گے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بغداد میں ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق کے حوالے سے بتایا کہ یہ دورہ عراق کے وزیرِ اعظم محمد شیعہ السودانی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ الصادق نے وضاحت کیے بغیر کہا کہ دونوں ممالک تعاون اور سلامتی سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ معاہدوں پر ایران کے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے دورۂ عراق کے دوران دستخط ہونا تھے۔لیکن رئیسی مئی میں اس وقت کے وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کا ہیلی کاپٹر شمالی ایران میں گہری دھند میں لپٹے ہوئے پہاڑی کنارے پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔عہدہ سنبھالنے کے بعد سے پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو "ترجیح" دینے کا عزم کیا ہے۔