بیشتر منیجرز نے ورکرز کے حقوق زیادہ بہتر بنانے کی تجویز کی حمایت کردی

09 ستمبر ، 2024

لندن (پی اے) ایک نئی ریسرچ رپورٹ کے مطابق تجارتی اداروں کے بیشتر منیجرز نے حکومت کی جانب سے ورکرز کے حقوق زیادہ بہتر بنانے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔ ایک ہزار منیجرز سے کئے گئے سروے میں دوتہائی سے زیادہ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ورکرز کے حقوق بہتر ہونے چاہئیں۔ IPPR تھنک ٹینک، ٹی یو سی اور Persuasion UK کا کہنا ہے کہ ان کی اسٹڈی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کاروبار میں فیصلے کرنے والے اور ورکرز سے کام لینے والوں کی اکثریت حکومت کی تجویز یا منصوبے کی حمایت کرتی ہے۔ زیادہ تر لوگوں نے کہا کہ ملازمین کو ملازمت کی جگہ پر زیادہ سیکورٹی ملنی چاہئے۔ انھوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ملازمین کے حقوق کو بہتر بنانے سے ملازمین کی صحت بہتر ہوگی اور انھیں ملازمت پر برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور ملازمین کے حقوق کو مستحکم بنانے سے ان کی پیداواری صلاحیت بھی بہتر ہوگی۔ جس سے کاروبار کے منافع میں اضافہ ہوگا۔ ٹی یوسی کے جنرل سیکرٹری پال نوواک کا کہنا ہے کہ تاجر برادری ورکرز کی جانب سے اٹھنے والی آوازوں اور زمینی حقائق سے ناواقف ہے۔ اس سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ورکرز کے حقوق بہتر بنانے کے حوالے سے کافی سے زیادہ حمایت موجود ہے۔ ملازمین کے معیار کو بہتر بنانا ہر ایک کے اپنے مفاد میں ہے۔ IPPR کے اکنامک پالیسی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جارج ڈب کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ ایک خوش وخرم، صحت مند اور چست پیداواری ورک فورس آجر کیلئے اچھی ہے۔ اس سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے اور چھوٹے تجارتی ادارے اس کو تسلیم کرتے ہیں اور ورکرز کے بہتر اور مستحکم حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ورکرز کے حقوق کو بہتر بنانے اور استحصالی زیرو آور کنٹریکٹ اور ملازمین کی برطرفی اور دوبارہ ملازم رکھنے پر پابندی ٹی یوسی کی سالانہ کانگریس میں بحث ہوگی۔