مولانا غلام اللّٰہ خانؒ کا تحریک ختم نبوت میں کردار مثالی ہے، عمر توحیدی

09 ستمبر ، 2024

اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ 50 سال پہلے قومی اسمبلی میں منکرین ختم نبوت کو غیر مسلم قرار دینے کا فیصلہ اگرچہ بے مثال اور تاریخ ساز ہے لیکن اس تک پہنچنے کے لیے 90 سال جدوجہد کرنا پڑی، ہزاروں مسلمانوں نے اس کیلئے جانیں قربان کیں تب کہیں جاکر گوہر مقصود ہاتھ آیا۔7 ستمبر کی مناسبت سے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جن افراد کا نام اس معرکہ حق و باطل میں جلی حروف سے لکھا گیا ان میں سے ایک شخصیت بلند مرتبہ عالم دین، پیکر شجاعت، خوگر توحید، قاطع شرک و بدعت، حامی توحید و سنت شیخ القرآن مولانا غلام اللہ خانؒ کی بھی ہے۔آپ نے اپنا آپ اور اپنا ادارہ تعلیم القرآن اس کاز کے لیے وقف کیے رکھا، حکومت وقت نے آپ کو کئی بار گرفتار کیا اور قتل کرنے کی کوشش کی۔پارلیمان میں پیش کرنے کے لیے مشہور عام دستاویز بھی آپ ہی کے ادارہ میں تیار ہوئی اور بالآخر آپ اور دیگر علماء کی محنت، جوانوں کی شہادت اور عوامی قوت رنگ لائی اور 7ستمبر1974ء کو قانونی طور پر منکرین ختم نبوت کو غیر مسلم تسلیم کر لیا گیا۔