اٹک پل پار کرکے دکھائیں،لاہور آئو، ہم انتظار کرینگے،گنڈا پور نے ناکام جلسے کا غصہ مریم نوازاورپاک فوج پر نکالا،وفاقی وزراء

10 ستمبر ، 2024

اسلا م آباد( ایجنسیاں)وفاقی وز را عطا تارڑ اور رانا ثنااللہ نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے وفاقی حکومت کو دیے گئے الٹی میٹم پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تم لاہور آو، ہم انتظار کریں گے۔اٹک پل پار کرکے دکھائیں۔ گنڈا پور نے ناکام جلسے کا غصہ مریم نواز، پاک فوج پر نکالا۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سفیران امیر مقام کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ک کہنا تھا کہ میں دادا مرحوم کیساتھ سیاسی مہم کیلئے خیبرپختونخوا گیا تھا، میرا پختون ثقافت کیساتھ پہلا تجربہ تھا، ہمیں بہت عزت دی، یہ روایات کئی صدیوں پر مشتمل ہے، ماں بہن بیٹی کا عزت وقار خوب جانتے ہیں۔جب ایک وزیر اعلی اسٹیج پر کھڑا ہو کر، ادھر سے دہشت گردوں سے بھاگ کر آتا ہے، اتنا دم نہیں ہے ان سے آنکھیں ملائے، ہم دہشت گردوں کے پاکستان سے متعلق عزائم پر بات کرتے ہیں، دہشت گردوں کا سر کچلنے کی بات کرتے ہیں مگر علی امین گنڈا پور تم ایک خاتون کو للکارتے ہو اور ادھر دہشت گردوں سے ڈرتے ہو، چلو بھر پانی ہوتا اور تھوڑی سی شرم ہوتی تو ڈوب مرتے، انہوں نے کہا کہ جب آپ اندر سے کھوکھلے ہوتے ہو تب ہی ایسی گفتگو کرتے ہو۔عطا تارڑ نے کہا کہ کاش وزیر اعلی خیبرپختونخوا یہ الفاظ وزیر اعلی خیبر پختونخوا انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ کو مضبوط بناوں گا، میں دہشت گردوں کا مقابلہ کروں گا، جنوبی وزیرستان میں کیمپ آفس بنا کر خود بیٹھوں گا، تمام سیکورٹی ایجنسیوں کا اجلاس جنوبی وزیرستان میں بلاوں گا، مگر چھوٹے دل والے وزیر اعلی مریم نواز کو للکارتے رہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے الٹی میٹم پر ردعمل دیا تم آو لاہور، ہم انتظار کریں گے، اور دیکھیں گے کہ اٹک کا پل کیسے عبور کرو گے، کاش 12 سال کی حکومت کے بعد ہم کہہ سکتے کہ راولپنڈی کے کارڈیالوجی کے ادارے جیسا ایک ہسپتال آپ نے بنایا ہے، کاش ہم کہتے کہ آپ نے دانش اسکول جیسا اسکول خیبرپختونخوا میں بنایا ہے، ایک خاتون کے بارے میں بات کرنی ہے، تو ٹھیک ہے، اس خاتون کے بھائی ابھی بیٹھے ہیں، آو دیکھتے ہیں کتنا دم ہے، یہ سب پختون روایات کے خلاف ہیں۔عطا تارڑ نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے غصے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کا غصہ جائز ہے، کیونکہ اتنی کرینیں، ایمبولینسیں، سرکاری وسائل کیساتھ جلسے میں آئے مگر جلسہ ناکام ہوا، ایسا انقلاب تھا جو چار کنٹینر پر آیا، انقلاب آتا ہے تو سب کچھ بہا کر لے جاتا ہے، راستے کھلے تھے، آپ کو روٹ دیا گیا تھا مگر آپ نہیں گئے، رات کے وقت کی بھی فوٹیج دیکھ لیں عوام نہیں آئی، رات کے وقت علی امین گنڈا پور آئے کیونکہ دن میں ناکام جلسہ سامنے آجاتا، ناکام جلسے کا غصہ مریم نواز، پاک فوج پر نکالا، یہی وہ فوج ہے جو لاشیں اٹھا رہی ہے، آپ ایک صوبے کے وزیر اعلی ہیں، سنجیدگی اپنائیں، اپنے صوبے میں صحت، تعلیم کی سہولیات دیں، ترقیاتی کام کریں مگر آپ صرف کمیشن لینے میں اور کرپشن کا حصہ نہ بننے پر عہدوں سے ہٹانے کے کاموں میں مگن ہیں۔ پورے خیبرپختونخوا میں موٹروے کا جال نواز شریف نے بنایا، پہلی جنوبی ایشیا کی موٹر وے بھی نواز شریف نے بنائی اور اب شہباز شریف کے دور میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے، اس بات کا بھی غصہ تھا جس کے تحت وہ عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ ہوتے دیکھنا چاہتے تھے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جلسے کی ناکامی کو چھپانے کے لیے پولیس پر پتھرا وکیا گیا، ایس ایس پی کو زخمی کر دیا، اسٹیج پر چڑھ کر خاتون کو للکارنا شروع کیا، مریم نواز بہادر خاتون ہے، تم سے بہتر نمٹ لیگی، میں نے پہلے ہی کہا تھا تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ساتھ ہی وزیر اطلاعات نے اظہار خیال کیا اگر فوج کیخلاف، میری بہن، اور غیرت پر بات ہو اور میں نہیں بولوں تو میں ملامت کروں گا کہ میں اپنی بہن کیخلاف بولنے والوں پر نہیں بول سکا۔ امیر مقام سے متعلق عطا تارڑ نے کہا کہ (ن) لیگ چھوڑنے کیلئے امیر مقام پر دباو ڈالا جاتا تھا، انہیں قتل کرنے کی کوششیں کی گئی مگر آج وہ ہمارے درمیان بیٹھے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہماری جماعت میں ایسے دلیر لوگ موجود ہیں۔وزیر اطلاعات نے اعلان کیا اب سے ہر ہفتے میں ایک پروگرام شروع کروں گا، جس میں ہفتہ وار سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے حقائق بتاوں گا، انہوں نے کہا کل کے جلسے میں خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اور وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے ایک بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خبردار کردیا۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اسلام آباد کے راستے کھلے تھے لیکن اسلام آباد کی طرف سےجلسہ گاہ آنے والوں کونہیں روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں جو تقریر کی گئی وہ انارکی پھیلانے کیلئے کی گئی، علی امین گنڈاپور 2 نمبر آدمی ہے، ان کا ڈبل چہرہ ہے، جس لہجے میں انہوں نے کہا کہ میں لاہور آ رہا ہوں، پھر اسی لہجے میں جواب بھی ملے گا،اب آپ اٹک پل پار کرکے دکھائیں۔ خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی رہائی کیلئے حکومت کو ڈیڈ لائن دی ہے۔ عمران خان کے وکلا نے بتایاکہ ان کے کیسز ختم ہوچکے ہیں، ایک سے 2 ہفتے میں قانونی طور پر عمران خان رہا نہ ہوا تو ہم پھر انہیں خود رہا کریں گے۔