اسلام آباد جلسہ:پی ٹی آئی قیادت کے خلاف تین مقدمات قائم،17کارکن گرفتار

10 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی جلسہ وقت پر ختم نہ کرنے جلسہ منتظمین کے خلاف تین مقدمات درج کرلیے،ان مقدمات میں 17 کارکنان کی گرفتاری بھی ڈال دی گئی ۔مقدمات مقررہ وقت اورروٹ کی پابندی نہ کرنے ، پو لیس پر پتھرائو کرنے پر منتظمن کے خلاف درج کیے گئے۔ پہلا مقدمہ تھانہ سنگجانی میں جلسے کے معینہ وقت کی پاس داری نہ کرنے پر درج کیا گیا، دوسرا مقدمہ تھانہ سمبل میں معینہ روٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قافلے سادات کالونی اور سری نگرہائی وے سے لانے پردرج کیاگیا۔تیسرا مقدمہ ایس ایس پی سیف سٹی سمیت دیگر اہل کاروں پر پتھرائو کرنے پرتھانہ نون میں درج کیاگیا۔ذرائع کا کہنا کہ وفاقی پولیس نے استغاثہ تیار کرلیا ہے، مقدمات میں زرتاج گل، عامر مغل، شعیب شاہین، عمر ایوب، سیمابیہ طاہر اور راجہ بشاورت سمیت 28 مقامی رہنمائوں کو نامزد کیا گیا ہے۔استغاثہ کے مطابق پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا، جس پر کارکنوں کی جانب سے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ کیا گیا۔ پولیس نے شیلنگ کی اور موقع سے 17کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔