کوئٹہ (اے پی پی)بلوچستان اسمبلی نے اقلیتوں کے کوٹے سے متعلق متفقہ قرارداد منظور کرلی،قرارداد کے مطابق سرکاری وغیرسرکاری اداروں میں 5فیصد اقلیتی کوٹہ مختص ہے،حکومت عمل درآمد کرائے۔پیر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری سنجے کمار نے اقلیتی ارکان اسمبلی روی پہوجا ،پیٹرک سینٹ مسیح کی جانب سے مشترکہ قرارداد پیش کی ۔ قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ پاکستان میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ نہ صرف سیاست بلکہ افواج پاکستان ،بیوروکریسی ،تعلیم ،صحت کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،ریاست مذہبی اقلیتوں سمیت کم نمائندگی والے طبقات کاتحفظ یقینی بنانے، ان کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کیلئے پرعزم ہے تاکہ اقتصادی ،سیاسی اور عوامی نمائندگی میں ان کی شرکت کویقینی بنایاجاسکے ۔ وفاقی اورصوبائی حکومتوں نے تمام سرکاری وغیرسرکاری اداروں کی ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے 5فیصد کوٹہ مختص کیاہے لیکن صوبائی محکموں میں اقلیتوں کیلئے مخصوص 5فیصد کوٹہ پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے اقلیتوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ،لہٰذا یہ ایوان حکومت سے سفارش کرتاہے کہ وہ اقلیتوں کیلئے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کرانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔بعدازاں مشترکہ قرارداد کو متفقہ طورپر منظور کرلیا گیا۔