ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کررہے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک

10 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے ساتھ تعاون کررہاہے، ”پاکستان میں منصوبوں کے زریعہ پائیدارترقیاتی اہداف کو مربوط بنانا“ کے عنوان سے جاری رپورٹ میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہاہے کہ 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز)کے حصول کیلئے پاکستان نے 2015 سے اپنے ترقیاتی فریم ورک میں ایس ڈی جیز کو شامل کردیا ہے ۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات ترقیاتی اہداف کے نفاذ کی نگرانی کررہی ہے ،وزارت کی منصوبوں کی منصوبہ بندی اوران پر عملدرآمد کو بہتر بنانے پربھی توجہ مرکوز ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پلاننگ کمیشن نے فارم-1 (پی سی ون ) پر بھی نظر ثانی کی ہے جو پراجیکٹ کی منصوبہ بندی اور بجٹ سازی کا ایک اہم ذریعہ ہے اوراس کا مقصد منصوبہ کو ترقیاتی اہداف کے ساتھ بہتر طور پر ہم آہنگ کرنا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے ساتھ مختلف سطح پر تعاون کررہاہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے مختلف علاقوں اورمقامات پر سرکاری اہلکاروں کے لیے تربیتی ورکشاپس کا ایک سلسلہ منعقد کیا، ان ورکشاپس میں نظرثانی شدہ پی سی ون کے استعمال پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ اس بات کویقینی بنایاجاسکے کہ منصوبوبے ایس ڈی جیز میں میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ورکشاپس میں 40 محکموں کے 447 عہدیداروں نے شرکت کی ، ان ورکشاپس میں تخفیف غربت،حفظان صحت،معیاری تعلیم ، منصوبوں میں بہتری کیلئے سفارشات، اورترقیاتی اہداف کیلئے موبائل ایپلی کیشنز کے استعمال کی صورت میں منصوبوں کو ایس ڈی جیز کے ساتھ مربوط کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کیاگیا۔ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کو پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول کے حوالہ سے مربوط بنانا ہے تاکہ ان منصوبوں کے ذریعہ ایس ڈی جیز کے اہداف کو حاصل کرنے میں مددمل سکے۔