PTIرہنمائوں کی گرفتاریاں شروع، بیرسٹر گوہر، مروت کو اسلام آباد میں جلسے کے نئے قانون کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا

10 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (جنگ نیوز/ایجنسیاں)وفاقی دارالحکومت میں جلسے جلوسوں سے متعلق نئے قانون کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع ‘شیرافضل مروت ‘بیرسٹر گوہر ‘ شعیب شاہین اورعامرڈوگر کو حراست میں لے لیا گیا ‘بیرسٹوگوہر اورشیرافضل مروت کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتارکیاگیا‘پولیس ذرائع کے مطابق شعیب شاہین کو ان کے گھر سے حراست میں لیاگیاہے ‘ ذرائع کا بتانا ہے کہ بیرسٹر گوہر‘ عمرایوب‘ زرتاج گل‘عامر مغل، شعیب شاہین، شیر افضل مروت‘ سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 مقامی رہنما بھی مقدمات میں نامزد ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمرایوب اور زرتاج گل کو بھی گرفتار کیا جائے گا، تاہم علی محمد خان پارلیمنٹ ہاؤس سےروانہ ہوگئے ہیں اور پولیس کی جانب سے انہیں گرفتارنہیں کیا گیا ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں۔ڈی چوک، نادرا چوک، سرینا اور میریٹ کے مقام سے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔ریڈ زون میں داخلے اور باہر جانےکے لیے صرف مارگلا روڈ کا راستہ کھلا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیرافضل مروت کو نئے قانون کے تحت قواعدوضوابط کیخلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا، ان کو پولیس سے تصادم کے مقدمے میں گرفتارکیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے مطابق جلسے میں موجود پنجاب کی قیادت کےخلاف بھی کریک ڈاون شروع ہونےکا امکان ہے اور اسلام آباد پولیس نے پنجاب پولیس کو باضابطہ طورپر آگاہ کردیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات 3 تھانوں میں درج کیے گئے ہیں‘ مقدمات اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر2024کے تحت درج کیے گئے‘ مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات تھانا نون اور تھانا سنگجانی میں درج کیے گئے ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کےلیے پولیس اب بھی پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر موجود ہے۔ شیخ وقاص اکرم، صاحبزادہ حامد رضا، زین قریشی اور شاہد خٹک بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمے کے متن کے مطابق پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا جس پر کارکنوں کی جانب سے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پرحملہ کیا۔مقدمہ کے مطابق پولیس نے شیلنگ کی اور موقع سے 17 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔