علی امین گنڈا پور کے ریمارکس کیخلاف پارلیمنٹ میں صحافیوں کا واک آئوٹ، بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب نے معافی مانگ لی

10 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (جنگ نیوز/این این آئی) وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے پی ٹی آئی جلسے میں صحافیوں کے خلاف قابل اعتراض الفاظ کے استعمال پر صحافیوں کاسینیٹ اور قومی اسمبلی میں شدید احتجاج ‘واک آؤٹ ‘تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے علی امین گنڈاپور کے صحافیوں کے حوالے سے نازیبا ریمارکس پر معذرت کر لی ۔ عورت فاؤنڈیشن نے خواتین صحافیوں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گنڈاپورکے خلاف سائبر کرائمزایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنےکا مطالبہ کردیا۔کراچی پریس کلب نے صحافی برادری بالخصوص خواتین صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان کی شدیدالفاظ میںمذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ علی امین گنڈاپور نے جو الفاظ استعمال کیے وہ اس عہدے کے شایان شان نہیں،فوری طور پر معافی مانگیں۔ صدر لاہور پریس کلب کا علی امین گنڈاپور سے معافی کا مطالبہ، کوریج کے بائیکاٹ کا عندیہ دیدیاجبکہ ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز ( ایمنڈ ) نے بھی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے صحافیوں کے خلاف دھمکی آمیز زبان اور الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے موقع پر صحافیوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے نازیبا الفاظ کے استعمال پر دونوں ایوانوں کے اجلاس سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علی امین نے تمام صحافیوں سے متعلق بات نہیں کی تھی‘ میں نے کل بھی اس حوالے سے غیر مشروط معذرت کی تھی ‘ صحافیوں نے ہمیشہ سخت وقت میں ہمارا ساتھ دیا اور ہم نے غیر مشروط معذرت کرلی ہے‘وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا صحافیوں سے رابطہ ہوا ہے اور وہ صحافیوں سے ملاقات کر کے ان سے بات کریں گے۔عمر ایوب نے بھی علی امین گنڈاپور کے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس اپنا کام کرتے ہیں اور ان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہوتا، پروفیشنل رپورٹرز اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہیں آگے مالکان کا کام ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا مالکان پر انٹیلی جنس ایجنسیز کا دباؤ ہے لیکن اس میں ان ورکنگ جرنلسٹس کا کوئی قصور نہیں ۔ان صحافیوں کو خطرات لاحق ہوئے ہیں تو ہم غیر مشروط معذرت کرتے ہیں اور ہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی طرف سے بھی معذرت کرتے ہیں جبکہ علی امین گنڈا پور خود بھی معذرت کریں گے۔