مارک اپ شرح، بجلی گیس قیمتیں، فیصل آباد کے 1000 پاور لومز بند

10 ستمبر ، 2024

فیصل آباد (شہباز احمد) مارک اپ کی شرح میں نمایاں کمی نہ ہونے اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث فیصل آباد کی 100 سے زائد ٹیکسٹائل ملز کی بندش کے بعد ایک ہزار سے زائد پاور لومز یونٹ بھی بند ہو گئے ہیں۔چوہدری سلامت نے کہا کہ پیداواری عمل جاری رکھنا ممکن نہیں رہا،مزید ملز بند ہونے سےبیروزگاری کا نیا سیلاب آئیگا،فیصل آباد میں پاور لوم سیکٹر سے تقریباً 5 لاکھ سے زیادہ مزدوروں کا روزگار وابستہ ہے۔ پاور لومز مالکان کا کہنا ہے کہ پیداواری لاگت میں اضافے اور خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ان کیلئے پیداواری عمل جاری رکھنا ممکن نہیں رہا ہے۔ پاکستان ہوزری مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف چوہدری سلامت نے بتایا کہ پاور لومز سیکٹر کے مرکزی علاقے غلام محمد آباد میں پاور لومز کے 2100 چھوٹے بڑے یونٹ واقع ہیں جن میں سے1000 کے قریب بند ہو چکے ہیں، خطے میں سب سے زیادہ مارک اپ اور انرجی ٹیرف پاکستان میں ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ انڈسٹری میں زیادہ تر ملیں جزوی طور پر یا مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں اور اب اس کے اثرات پاور لومز سیکٹر پر بھی نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر مارک اپ ریٹ میں نمایاں کمی کرکے ایکسپورٹ انڈسٹری کیلئے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو مزید ملیں بند ہونے سے بیروزگاری کا نیا سیلاب آ جائے گا۔ انڈسٹری کے موجودہ حالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل نہ کیا تو ملکی معیشت کو شدید دھچکا لگنے کا اندیشہ ہے۔