آزاد کشمیر کیلئے چائے کی پتی کراچی میں فروخت، کسٹم کورٹ کا فیصلہ معطل

10 ستمبر ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر کے لئے منگوائی گئی چائے کی پتی کراچی میں فروخت کرنے کے خلاف کسٹم کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا، ہائی کورٹ میں کسٹم کورٹ کے فیصلے کے خلاف کسٹم کی اپیل پر سماعت ہوئی، کسٹم کے وکیل خادم راجپر نے کہا کہ ملزمان نے آزاد کشمیر کے لئے 530 ٹن سے زائد چائے کی پتی منگوائی تھی، 6 فیصد ٹیکس چھوٹ ملتی ہے، کراچی میں فروخت کر دی تھی ، کسٹم نے مختلف گوداموں پر چھاپے مار کر چائے کی پتی برآمد کی ، کسٹم کورٹ نے کیس میں ملزمان کو بری کے ساتھ ہی چائے کی پتی بھی واپس کرنے کا فیصلہ دیا ہے ، کسٹم کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے ٹرائل کورٹ چائے کی پتی واپس کرنے کا حکم نہیں دے سکتی، عدالت نے کسٹم کورٹ کے چائے کی پتی واپس کرنے کا فیصلہ معطل کردیا۔ عدالت نے ملزمان کی بریت کے خلاف دائر کسٹم کی اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔