گینگ وار زہری ڈکیت گروپ کا کارندہ مبینہ پولیس مقابلے میں گرفتار

10 ستمبر ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ضلع کیماڑی پولیس نے مبینہ مقابلے میں بیرون ملک سے آپر یٹ ہونے والے انتہائی مطلوب گینگ وار زہری ڈکیت گروپ کے کارندے یوسف عرف موٹا کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن ( ر) فیضان علی نے پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب اطلاع ملی کہ پاک کالونی تھانے کی حدود میوہ شاہ کے علاقے میں گینگ وار ایاز زہری گروپ کے دو کارندے موجود ہیں ،پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی،پولیس نے جوابی کارروائی میں ایک ملزم یوسف عرف موٹا کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی عبدالصمد عرف فرحان فرار ہو گیا،ایا ز زہری گروپ کراچی میں بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے ،سال 2014میں کراچی آپریشن کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لئے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا اور وہاں سے بھتہ وصولی ،ٹارگٹ کلنگ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔