ہائیکورٹ، ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست مسترد

10 ستمبر ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی ایس 112 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار سربلند خان کی درخواست مسترد کردی ، پیپلز پارٹی امید وار کے وکیل کا کہنا تھا دوبارہ گنتی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کی نقول عدالت میں پیش کی گئی ، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یکم اپریل کو پی ایس 112 پر دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا ، پی ٹی آئی امیدوار سربلند خان نے 16 ہزار سے زائد ووٹ ، پیپلز پارٹی کے امیدوار آصف موسی ٰنے صرف 10 ہزار کے قریب ووٹ حاصل کیئے تھے، الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا تھا ، درخواست گزار نے اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کی تاہم پیپلز پارٹی کے امیدوار نے ریٹرننگ افسر کی ملی بھگت سے دوبارہ گنتی کا فیصلہ کرالیا جس میں درخواست گزار کے 6 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کردیئے گئے، دوبارہ گنتی کا فیصلہ 5 فیصد یا اس سے کم فرق کی صورت میں کیا جاتا ہے،عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سن کر مختصر فیصلہ سنادیا۔