12 ربیع الاول سے قبل بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش کرینگے، میئر

10 ستمبر ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارہ ربیع الاول سے قبل تمام بلدیاتی مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ ابن قاسم کلفٹن میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کمشنر کراچی حسن نقوی، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز شاہ، واٹر کارپوریشن کے سی ای او اسد اللہ خان، علماء کرام، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس نے شرکت کی، میئر نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام جشن میلاد النبی ﷺکے حوالے سے پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں تمام مکتبہ فکر کے علماء کرام، ثناء خواں اور دانشور اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، اجلاس کے دوران علماء کرام نے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور مختلف مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔