وسائل پر قابض پی پی اور جماعت اسلامی کی بندر بانٹ چل رہی ہے، ایم کیو ایم

10 ستمبر ، 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کے بیان پر رد عمل میں کہنا ہے کہ شہری سندھ کے وسائل پر قابض پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کی بندر بانٹ چل رہی ہے اور ایم کیو ایم پر بے جا تنقید کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے ،پیپلز پارٹی کے ساتھ شہری سندھ کا سودا کرنے والے حافظ نعیم کس منہ سے کراچی کی بربادی پر نوحہ کناں ہیں؟ کراچی کی حالت زار پر رونا حافظ نعیم کے سوائے مگرمچھ کے آنسوؤں کے کچھ نہیں ہیں ،پیپلز پارٹی نے حافظ نعیم کو ایم کیو ایم کے خلاف باتیں کرنے کا ٹاسک دیا ہوا ہے، پچھلے دو برسوں میں کراچی کے شہریوں نے صرف ٹوٹی سڑکیں کچرا اور ان پر لگے جماعت اسلامی کے بینرز دیکھے ہیں، روز اول سے بے پر کی باتیں کرنا جماعت اسلامی کا وطیرہ رہا ہے، جماعت اسلامی پر کھسیانی بلی کھمبا نوچے کا محاورہ صادق آتا ہے، کراچی کے شہریوں نے بلدیاتی اداروں میں جماعت اسلامی کی بدترین کارکردگی دیکھ لی ہے شہر کے مختلف ٹاؤنز میں جماعت اسلامی کے چیئرمینز بلدیاتی وسائل پر قابض ، حافظ نعیم کو مسلم اُمہ کا نام نہاد رہنماء ثابت کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے۔